=(پر پٹائی اور اس کہ متعلق کچھ اہم باتیں)=
●~ محمدحبیب مغل~ ●
آجکل آئیندہ پروازی سیزن کے لیے کبوتروں کی پر پٹائی کی جارہی ہے تاکہ پرانے اور خراب پروں کی جگہ نئے پر آجائیں اور ظاہر ہے نئے پروں سے کارکردگی میں بھی فرق پڑتا ہے بہت سے شائقین پہلے سے پر پٹائی کر بھی چکے ہیں کئی تو ایسے بھی جوان ہیں جنکے کبوتروں کے پر مکمل ہونے میں چند دن باقی ہیں پر پٹائی ایک ایسا موضوع ہے جس پر بہت زیادہ بات کی گئی ہے آج میں اس تحریر میں آپ دوستوں کو اسی موضوع پر کچھ ٹپس دینا چاہوں گا امید ہے کہ نو وارد شائقین کے لیے آسانی پیدا ہوگی
1. پر اکھاڑنے سے پہلے سب کبوتروں کو 1 ہفتہ پہلے گول یعنی اتنا کاٹ دیا جاتا ہے کہ وہ کوشش کرکے بھی اڑ کر کھڈے میں لگی لکڑی پر نہ بیٹھ سکیں
2. کچھ پھٹیاں یعنی سیدھی لکڑیاں یا بانس فرش پر ایک ایک اینٹ دونوں اطراف میں رکھ کر لگا دینی چاہییں تاکہ کبوتر فرش سے اونچے ان پر بیٹھ سکیں تاہم جو حضرات نے فرش پر پلاسٹک جالی لگارکھی ہے وہاں ضرورت نہیں
3. پر اکھاڑنے سے پہلے تمام کبوتروں کی پیٹ کے کیڑوں کی صفائی بہت اہم ہے اس سے پروں کی نشوونما پر اثر پڑتا ہے
4. اگر کھڈے میں کچھ کبوتر سست، بیمار یا بیٹھ ٹھیک نہیں کررہے تو ایسی صورت میں کبوتروں کو بیماری سے متعلق دوا دیں اگر بیماری کا نہیں پتہ تو فلیجل اور پیناڈول سیرپ 5 5 سی سی ایک لیٹر پانی میں ڈال کر 3 دن تک دیں مگر میرا مشورہ ہے کہ اس کے ساتھ لائزووٹ سیرپ بھی شامل کرلیں
5. کبوتروں کے پر خالی پیٹ دوپہر کے وقت اکھاڑنے کا یہ فائدہ ہوگا کہ پر پٹائی کے بعد دانہ کھانے سے سٹریس یعنی اعصابی تناؤ کم ہوتا ہے اور دانے کے ساتھ پانی میں کچھ حضرات بروفن سیرپ اور کچھ ڈسپرین گولیاں بھی ڈالتے ہیں تاکہ کبوتر اگر کوئی تکلیف محسوس کریں تو وہ آرام حاصل کرسکیں
6. کسی بھی بیمار، سست، سوکھے میں مبتلا کبوتر کے پر نہ اکھاڑیں بلکہ کوشش کریں کہ ایسے کبوتر صحت مند کبوتروں سے الگ کردیں
7. دانے میں پروٹین اور چکنائی سے بھرپور دانہ دیں مگر کچھ لوگ زیتون کے تیل میں بنی روٹی کے بھورے استعمال کرتے ہیں جو کہ تیل کی مقدار زیادہ ہونے کیوجہ سے مضر ثابت ہوتے بھی دیکھا گیا ہے اس لیے کبوتروں کو معتدل دانہ ہی دیں کیونکہ ان دنوں کبوتروں کی ایکٹیویٹی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے تاکہ بآسانی ہضم کرسکیں
8. تقریباً چار انچ تک پر نکل آنے کے بعد آپ نہلائی کے لیے پانی رکھ سکتے ہیں
9. پر مکمل ہوجانے پر فوراً باہر نہ نکالیں بلکہ ایک حصہ کالی مرچ کا پاؤڈر، ایک حصہ سونٹھ کا پاؤڈر اور دو حصے ملٹھی کا پاؤڈر مکس کرکے کس سوتی کپڑے میں باندھ کر پوٹلی بنالیں اس پوٹلی کو پینے کے پانی میں مسلسل دو دن تک رکھیں تاکہ کبوتر یہ پانی پیتے رہیں اس پانی کے بعد تین دن بعد کبوتر جال سے نکال سکتے ہیں